مُحرّم الحَرام کا پیغام - Latest News Today

Breaking

For latest News from all over the world, be in touch with "Latest News Today"

Friday, 14 September 2018

مُحرّم الحَرام کا پیغام

مُحرّم الحَرام ایثار، قربانی، اتحادِ امت، باہمی رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کا درس دیتا ہے۔ مدینہ طیبہ سے میدان کربلا تک اسلام کے لیے عظیم قربانیوں کی تاریخ اسی ماہِ مبارک سے وابستہ ہے۔

اللہ تعالیٰ نے ماہ محرم کو اُس دن سے عزت و احترام اور حرمت و فضیلت کا مہینا قرار دیا ہے، جب سے قرآن مجید کے الفاظ میں: ’’جس دن اللہ تعالیٰ نے آسمان و زمین کو پیدا کیا۔‘‘ اور سال کے بارہ مہینوں میں سے جن چار مہینوں کو محترم قرار دیا، اُن میں محرّم سرفہرست ہے۔زمانۂ جاہلیت میں بھی ان مہینوں کا احترام کیا جاتا تھا۔ اسلام نے قرآن مجید کی تصدیق اور شہادت سے اس ازلی حرمت کو ابدی حرمت بنا دیا ہے۔

اسلامی تقویم کا پہلا اور رسول اکرم ﷺ کی ہجرت مدینہ کے فیصلوں اور تیاریوں کے لیے اہم مہینا ہونے کی وجہ سے محرّم الحرام ممتاز ہے۔ جس طرح قبل از اسلام تاریخ کے ایسے عظیم واقعات اس ماہ مبارک میں پیش آئے جنہوں نے انسانیت کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ اسی طرح دورِ نبوت و رسالتؐ اور اسلام کے صدر اوّل میں ایسے واقعات پیش آئے کہ امت مسلمہ انہیں فراموش نہیں کرسکتی۔ خاص طور پر یکم محرم الحرام کو خلیفۂ دوم، مراد رسول ﷺ سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ اور دس محرم الحرام کو نواسۂ رسولؐ سیدنا حضرت حسین ؓ کی اپنے قافلے اور خاندان نبوتؐ کے افراد کے ساتھ شہادت جیسے واقعات سے ناصرف مسلمان بل کہ انسانیت اور تاریخ انسانیت ان سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔ ان اہم واقعات کی وجہ سے امت نے اسلام کی سربلندی کی جدوجہد کے سفر کو مدینہ اور کربلا سے وابستہ کرلیا ہے کہ خون شہادت سے اسلامی تاریخ سرخ رُو ہے اور مسلمانوں کا ایمانی جذبہ اس سے جدوجہد کا درس اور زندگی کی حرارت محسوس کرتا ہے۔

ایک طرف اسلام کی ایک بنیاد عدل اجتماعی ہے اور اس کے لیے حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ کا اسوہ قابل تقلید ہے تو دوسری طرف اس کے لیے اپنی اور اپنے خاندان کی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا ہے۔ خاندان نبوتؐ اور سیدنا حضرت حسین ؓ کا صبر و رضا، اعلائے کلمۃ اللہ، جرأت و استقامت اور حق کے لیے ہر قوت سے ٹکرا جانا، ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ کو، کربلا کو، امتِ مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ و جاوید کردیا ہے۔

ان قربانیوں کا سب سے بڑا درس یہ ہے کہ ذاتی جذبات و خواہشات اور مفادات کو کسی بھی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربان کردیا جائے۔ آج کے حالات میں جب اسلامی جمہوریہ پاکستان بیرونی دباؤ کا شکار اور چاروں طرف سے دشمن طاقتوں گھیرے میں ہے۔ ان حالات میں ہمارا فرض ہے کہ داخلی طور پر رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا جائے۔ یہی وقت کی ضرورت اور محرم الحرام کا پیغام ہے اور امت کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی سب سے بڑی تدبیر بھی۔

The post مُحرّم الحَرام کا پیغام appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2QtEbs8

No comments:

Post a Comment