مسابقتی صلاحیت کی بحالی، برآمدی صنعت کیلیے خصوصی مراعاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ - Latest News Today

Breaking

For latest News from all over the world, be in touch with "Latest News Today"

Thursday, 20 September 2018

مسابقتی صلاحیت کی بحالی، برآمدی صنعت کیلیے خصوصی مراعاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2018-19کے دوران ملک کی برآمدات میں کم ازکم 14 سے 16 فیصد اضافے کیلیے ملک کی ایکسپورٹ انڈسٹری کی مسابقت کی صلاحیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت نے ایکسپورٹ انڈسٹری کیلیے خصوصی مراعات پر مبنی جامع منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت صنعت و پیداوار، پٹرولیم ڈویژن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوادی ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں سے کہا گیا ہے کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلیے اور ملک کی برآمدی انڈسٹری کی بین الاقوامی مارکیٹ میں خطے کے دیگر ممالک کی تیار کردہ اشیا کی قیمتوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیتیں بحال کرنے کیلیے مجوزہ پیکیج کے بارے میں اپنی آرا و تجاویز وزارت تجارت کو بھجوائی جائیں تاکہ اس پیکج کو جلد حتمی شکل دے کر منظوری کیلیے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے۔

وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 1991 سے لے کر گزشتہ مالی سال 2017-18 تک پاکستان کی برآمدات میں اضافہ (گروتھ) کی شرح اوسطً 5.1 فیصد رہی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں خطے کے دیگر ممالک کی اس عرصے کے دوران برآمدات میں اضافہ (گروتھ)کی شرح 16 فیصد رہی ہے اس لحاظ سے پاکستان کی ایکسپورٹ گروتھ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں سب سے کم رہی ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اگر اس عرصے کے دوران پاکستان کی ایکسپورٹ گروتھ بھی خطے کے دوسرے ممالک کے برابر 16 فیصد سالانہ رہتی تو رواں مالی سال 2018-19 کے دوران پاکستان کی برآمدات 55 ارب ڈالر ہونا تھیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی کم ایکسپورٹ گروتھ کی بنیادی وجہ اسٹرکچرل بگاڑ اور پالیسی میں اینٹی ایکسپورٹ و تعصب ہے جس کی وجہ سے ملک کی برآمدی انڈسٹری کیلیے خطے کے دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی طور پر ملک میں کاروباری لاگت میں بے تحاشہ اضافہ، توانائی کی بے تحاشہ لاگت، خام مال کیلیے درآمدی ٹیرف میں اضافہ اور گرتی ہوئی پیداواری صلاحیتوں نے ملکی ایکسپورٹ انڈسٹری کی مسابقت کی صلاحیتوں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے لہٰذا رواں مالی سال کے دوران ملکی برآمدات بڑھانے کیلیے ایکسپورٹ سیکٹر کی خطے کے دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بحال کرنا ہوگی جس کیلیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر قلیل المعیاد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ان شارٹ ٹرم پالیسی اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال کے دوران ملکی ایکسپورٹ سیکٹر کی برآمدات کو فروغ دینے کی صلاحیتیں بڑھیں گی جس سے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 14 سے 16 فیصد تک گروتھ ہوسکے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کی جانب سے آرا موصول ہونے کے بعد اس پیکج پر مبنی سمری کو حتمی شکل دے کر وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائیگا اور توقع ہے کہ اسی ماہ وفاقی کابینہ میں پیش ہوجائیگا اور کابینہ کی منظوری کے بعد اس کا اطلاق کیا جائیگا۔

The post مسابقتی صلاحیت کی بحالی، برآمدی صنعت کیلیے خصوصی مراعاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Nt1ioL

No comments:

Post a Comment